سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل کے مریضوں کی پیٹلہ برج میٹرنٹی ہاسپٹل منتقلی

مریضوں کا احتجاج ، برقعہ پوش خاتون گرپڑی ، حکومت کے اقدامات کی سخت مخالفت
حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز ) دواخانہ عثمانیہ کی قدیم عمارت کی مخدوشی کے پیش نظرمریضوں کی منتقلی کے دوران سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل کو خالی کرانے کی اطلاعات پر سلطان بازار زچگی خانہ کے مریض حواس باختہ ہوگئے جبکہ مریضوں کے رشتہ داروں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔گذشتہ روز سلطا ن بازار دواخانے کے مریضوں نے دواخانے کی منتقلی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اقدام پر سخت تنقید کرتے ہوئے حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاجی دھرنا بھی منظم کیا او رحاملہ خواتین سڑک پر اتر آئی تھیں اورحکومت سے انہیںمنتقل نہ کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ خواتین کی بڑی تعداد سڑک پر بیٹھ جانے سے کئی گھنٹو ں تک ٹریفک آمدو رفت مسدود ہوگئی تھی اس دوران ایک برقعہ پوش حاملہ خاتون چکر کھاکر گر پڑی جس سے دیگر مریضوں میں بھی تشویش لا حق ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل میں مریضوں کی تشخیص کا عمل روکدیا گیا ہے جبکہ مریضوں کو چیک آپ کے لئے پیٹلہ برج ہاسپٹل سے رجوع ہونے کا مشورہ دیاجارہا ہے۔سلطان بازار میٹر نٹی ہاسپٹل میںمریضوں کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے مہتمم دواخانہ انتظامیہ ونظم ونسق کے سدھا رانی نے بالآخر سنیئر ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کی تشخیص کا احیاء عمل میں لائیں۔ونستھلی پورم سے تعلق رکھنے والی ایک مریضہ نے بتایا کہ وہ حاملہ ہوتے ہوئے ایک طویل مسافت طئے کرکے یہاں سلطان بازار میٹر نٹی ہاسپٹل پہنچی تو انھیںمزید کچھ اور کیلو میٹر کی مسافت طئے کرتے ہوئے پیٹلہ برج زچگی خانہ سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا گیا۔ خاتون مریض کا کہنا ہے کہ وہ کافی غریب ہے اور بڑی مشکل سے سلطان بازار ہاسپٹل کو پہنچی تو ہاسپٹل انتظامیہ اسے پیٹلہ برج ہاسپٹل سے رجوع ہونے کا مشورہ دے رہا ہے جبکہ وہ پیٹلہ برج کی مسافت طئے کرنے کی متحمل نہیں ہے او رمعاشی تنگ دستی کے سبب وہ پہلے سے ہی کافی پریشان ہے اُس پر دواخانے کی منتقلی کا بوجھ اس کے لئے ناقابلِ برداشت ہوتا جارہا ہے۔یاد رہے کہ سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل میں ایک سو آٹھ مریضوں کی گنجائش ہے جبکہ یومیہ اس ہاسپٹل میںدوتا تین سو حاملہ خواتین تشخیص کے لئے رجوع ہوتی ہیںاور دواخانہ میں شریک بھی ہوتی ہیںاسی دوران ایک سینئر ڈاکٹر نے کہاکہ پیٹلہ برج زچگی خانے کو انفراسٹرکچر منتقل کیا جارہا ہے ۔ اس دوران سلطان بازار ہاسپٹل اسٹاف کاکہنا ہے کہ پیٹلہ برج زچگی خانہ میں پائے جانے والے مریضوں کی اکثریت کا تعلق پرانے شہر سے ہے اور اس دواخانہ کی موجودہ صورتحال نہایت ابتر ہے اب سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل کے مریضوں کی منتقلی سے وہاں کے حالات مزید تشویش ناک ہوجائیں گے۔ سلطان بازار میٹر نٹی اسٹاف نے حکومت تلنگانہ سے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مفاد عامہ کو پیش نظررکھتے ہوئے حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔