سلسلہ وار قتل معاملہ میں قبرص کے وزیرانصاف مستعفی

نکوشیا ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قبرص کے وزیرانصاف نے ملک کے سلسلہ وار قتل کیس میں اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا ہے جو دراصل ان رپورٹس کے منظرعام پرآنے کے بعد رونما ہونے والا اہم واقعہ ہے جہاں حکومت پر (خصوصی طور پر ان کی وزارت) یہ الزام عائد کیا گیا ہیکہ گمشدہ افراد کے معاملات میں تحقیقات کرنے میں کوتاہی سے کام لیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیرموصوف آئیوناس نکولاؤ نے کہا کہ یہ ’’میرے ضمیر اور اصول‘‘ کی بات ہے کہ توقعات پر پورا نہ اترنے پر عہدہ سے چپکے رہنا مناسب نہیں ہے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے اگر تحقیقات میں کوتاہی سے کام لیا ہے تو اس کی ذمہ داری ان پر (وزیرموصوف) عائد نہیں ہوگی۔ قبرص کے صدر نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ یاد رہیکہ قبرص کی فوج کے ایک کیپٹن نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے سات بیرونی ممالک کی خواتین اور لڑکیوں کا قتل کیا ہے جن میں سے تین خواتین کی نعشیں اب تک پولیس کو نہیں ملی ہیں۔