سعید اجمل کی بورڈ اور آئی سی سی پر تنقید ، سخت کارروائی کا امکان

کراچی ۔5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے۔ مشتبہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو تنقید کا نشتانہ بنا نے  پر کھلبلی مچ گئی  ہے۔ انہیں انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ پی سی بی کا لیگل ڈپارٹمنٹ سعید اجمل کے متنازعہ  انٹرویو کا جائزہ لے رہا ہے۔ سعید اجمل نے انٹرویو میں سینٹرل کنٹریکٹ کی کئی شقوں کی خلاف ورزی کی تھی۔ پی سی بی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آف اسپنر سعید اجمل کی جانب سے آئی سی سی اور پی سی بی پر تنقید کا جواب طلب کر لیا ہے۔ پی سی بی ٹسٹ کرکٹر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس حوالے سے انہیں کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے اگر سعید اجمل کمیٹی کو مطمئن کر پائے تو ٹھیک ہوگا ورنہ وہ کنٹریکٹ سے محروم ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ جیو سوپر پر دیئے گئے اپنے انٹرویوز میں سعید اجمل نے کہا تھا کہ آئی سی سی کا پاکستانی کھلاڑیوں سے رویہ سوتیلی ماں جیسا ہے۔ انہوں نے بولنگ ایکشن درست نہ ہونے پر ہندوستانی کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے علاوہ آئی سی سی کے متعصب رویے اور پی سی بی کے مناسب اقدامات نہ کرنے پر تنقید کی تھی۔ سعید اجمل نے اپنے بولنگ ایکشن پر پابندی کے دوران بورڈ کے رویے پر شکوہ بھی کیا تھا۔