سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے عمران خان سے سعودی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔28 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے صدرنشین ومتوقع وزیر اعظم عمران خان سے سعودی سفیر نے ملاقات کی اور سعودی فرمانروا کی جانب سے الیکشن میں جیت پر مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا اور ان کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات کا اظہارکیا گیا اسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سعودی ولی عہد کے اس دورے سے پاکستان کیساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالی جائے گی۔