سعودی ولیعہد کا عمران خان سے فون پررابطہ

اسلام آباد ۔ 15 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تحریک انصاف کے سربراہ اور نامزد وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے۔ ولیعہدنے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ تحریک انصاف کے اعلامیہکے مطابق سعودی ولیعہد نے ٹیلی فون رابطے کے دوران کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات بھی مستحکم کرنا چا ہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی اور کاروباری امکانات بہت وسیع اور روشن رہے ہیں۔اس موقع پر صدر نشین تحریک انصاف عمران خان نے سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف مہم چلانے پرولیعہد کی تعریف کی اور کہا کہ درست اور مفید گورننس کرپشن کے خاتمے کے ساتھ ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ولیعہدکے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید قریب اور مستحکم کیا جائے گا۔ جلد دونوں ممالک کے سربراہان ایک دوسرے کے ملک کا دورہ بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارکباد دی تھی۔