سعودی نے جرنلسٹ کو ہلاک کیا ہے تو سزا ہوگی : ٹرمپ

واشنگٹن، 13 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب لاپتہ جرنلسٹ جمال خشوگی کے غائب ہونے کے پس پردہ ہوسکتا ہے اور متنبہ کیا کہ اگر اسے قتل کردیا گیا ہے تو واشنگٹن ’’سخت سزا‘‘ دے گا۔ سعودی نقاد کو تب سے نہیں دیکھا گیا جب وہ 2 اکٹوبر کو استنبول میں سعودی سلطنت کے قونصل خانے کو گئے تھے، جبکہ ترک عہدیداروں نے ریاض پر جرنلسٹ کو سفارتی احاطے کے اندرون قتل کردینے کا مورد الزام ٹہرایا ہے۔ ٹرمپ نے سی بی ایس کے ایک پروگرام کے ساتھ رابطے میں کہا کہ ہم اس معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے اور سخت سزا دی جائے گی۔
امریکی خصوصی قاصد کیساتھ عمومی بات چیت ہوئی : طالبان
کابل ، 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے امریکی خصوصی قاصد کے ساتھ بات چیت منعقد کی ہے جسے افغانستان کی توسیعی اور مسلسل خونریز جنگ کے مذاکرات کے ذریعے خاتمے کا حل ڈھونڈنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ہفتہ کو ایک بیان میں ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ظلمے خلیل زاد کے ساتھ میٹنگ جمعہ کو مشرق وسطیٰ کی مملکت قطر میں منعقد کی گئی ، جہاں طالبان کا سیاسی دفتر قائم ہے۔ طالبان کے سیاسی سربراہ عباس استنک زئی نے پانچ رکنی وفد کی قیادت کی جس نے خلیل زاد کے ساتھ افغانستان میں نراج کے پرامن خاتمے کا حل ڈھونڈنے کے طریقوں پر غوروخوض کیا۔