سعودی عرب میں 25 سال بعد ماں بیٹی کا ملاپ

جدہ ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام)  سعودی عرب میں عائلی مسائل کے حل میں مدد فراہم کرنے والے ادارے کے توسط سے پچیس سے سال بچھڑی ماں اور اس کی بیٹی کو آپس میں ملا دیا گیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اپنی ماں سے ملاقات سے پچیس سال سے محروم لڑکی کے ایک قریبی عزیز نے الاحساء شہر میں “فیملی ڈویلپمنٹ سینٹر” میں رابطہ کیا۔ جس کے نتیجے میں ادارے نے ناراض میاں بیوی کو آپس میں ملا دیا اور باپ کے پاس موجود بیٹی کو پچیس سال بعد اپنی والدہ سے ملاقات کا موقع ملا۔ اڑھائی عشرے گذرنے کے بعد والدہ اور بیٹی دونوں ایک دوسرے کو پہچاننے سے بھی قاصر تھیں مگر اصلاح سینٹر کی مصالحتی مساعی کے نتیجے میں ان کے ملاپ نے جذباتی مناظر پیدا کردیے تھے۔ بیٹی کو دیکھتے ہی مامتا کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو رواں ہوگئے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں فیملی کونسلنگ سینٹر میں خاندانوں، قرابت داروں اور دیگر شہریوں کیدرمیان پائے جانے والے اختلافات کو خوش اسلوبی سے دور کرنے کی بھرپور مدد فراہم کی جاتی ہے۔