سعودی عرب میں حراست میں لئے گئے تلنگانہ کے 29 ورکرس کو بچالیا گیا

نئی دہلی۔31مارچ (یو این آئی) وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ 29ہندوستانی ورکرس کو سعودی عرب میں بچالیا گیا۔ انہوں نے گذشتہ شب اپنے ٹوئٹر پر یہ معلومات فراہم کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت نے ان ورکرس کے لئے طیارے کا انتظام کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جن کا تعلق تلنگانہ سے ہے ۔ انہوں نے کہا ”ہم نے سعودی عرب سے 29 ورکرس کو بچالیا ہم ان کے فضائی کرائے کے ٹکٹس بھی ادا کررہے ہیں” ۔سشما سوراج نے اپنے ٹوئٹر پیام میں یہ بات بتائی۔ تلنگانہ کے وزیر کے ٹی راما راؤ سشما سوراج سے اس مسئلہ پر رجوع ہوئے تھے جنہوں نے ریاست سے تعلق رکھنے والے 29 ورکرس کو بچانے کے لئے مداخلت کی خواہش کی تھی جنہیں سعودی عرب میں ایک کمپنی نے محروس رکھا تھا۔ کے ٹی راما راؤ جو تلنگانہ این آر آئی امور اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر ہیں نے سشما سوراج کو خط لکھا تھا اور میڈیا رپورٹ کا بھی حوالہ دیا تھا جس میں کہا گیا کہ غذا اور بنیادی سہولتوں کے بغیر ان ورکرس کو حراست میں رکھا گیا اور کمپنی نے انہیں چھوڑنے کے لئے ہر ملازم سے پچاس ہزار امریکی ڈالر کی رقم طلب کی تھی۔ 21مارچ کو وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر احمد جاوید کو ہدایت دی کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 29 ورکرس کی محفوظ رہائی کے لئے کاروائی کرے جنہیں غذا اور بنیادی سہولتوں کے بغیر مبینہ طور پر 15دن سعودی عرب میں محروس رکھا گیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ”جاوید ۔ مہربانی کرکے ان ہندوستانی ورکرس کی مدد کریں۔ مجھے اور تلنگانہ کے وزیر این آر آئی امور کے ٹی راما راؤ کو رپورٹ روانہ کریں”۔