سعودی عرب سی پی ای سی کا حصہ نہیں:پاکستان

اسلام آباد۔3اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے واضح طورپر کہا کہ سعودی عرب، چین- پاکستان اقتصادی کوریڈور (سی پی ای سی )کا حصہ نہیں ہے ۔پاکستان کے منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیرخسرو بختیار نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سی پی ای سی ڈھانچے میں سعودی عرب جیسے کسی بھی تیسرے ملک کو شامل کرنے کاکوئی فیصلہ نہیں کیاگیا ہے ۔گزشتہ ہفتے سعودی عرب اور پاکستان نے تین سڑک بنیادی ڈھانچوں اور سی پی ای سی کے توانائی پروجیکٹ کی اقتصادی مدد کے سلسلے میں تین معاہدوں پر دستخط کئے ۔اس کے بعد سے اندازہ لگایا جارہا تھا کہ سعودی عرب اقتصادی کوریڈور میں شامل ہوگیا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ چین اور پاکستان کے درمیان سی پی ای سی دوطرفہ معاہدہ ہے اور سعودی عرب سی پی ای سی میں شامل نہیں ہورہا ہے حالانکہ وہ تیسرے فریق کے سرمایہ کار کے طور پر ہے ،اس سے سی پی ای سی کی بنیاد بڑھ جائے گی اور اس کی رفتارتیز ہوجائے گی۔