سعودی خاتون کی کِم کاردشیان بننے کی کوشش کا انجام طلاق

دبئی ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک سعودی خاتون کو اپنے خاوند کا دل لبھانے کیلئے بناؤ سنگھار مہنگا پڑگیا ہے اور اس کی مشہور زمانہ ٹی وی اسٹار کم کاردشیان کا ہم شکل بننے کی کوشش طلاق پر ختم ہوئی ہے۔ اس خاتون کے بہ قول اس کو یہ شبہ ہوا تھا کہ اس کا خاوند کم کاردشیان کی شخصیت اور حسن وجمال کا دلدادہ ہے۔بس پھر کیا تھا۔اس نے بھی ٹی وی اسٹار کے مشابہ بننے بلکہ اس سے زیادہ خوبصورت نظر آنے کیلئے اپنے ہیئر اسٹائل کو تبدیل کیا اور چہرے کی پلاسٹک سرجری کرا ڈالی۔ سعودی روزنامہ صدا میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق اس خاتون نے خاوند کی نظرکرم کے حصول کیلئے تو یہ سب کچھ کر ڈالا لیکن اس کے باوجود اس کو اپنے اس منصوبے میں کامیابی نہیں ہوئی۔

اخبار نے اس خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ’’میں نے ٹی وی اسٹار جیسے نقش ونگار بنانے کے علاوہ اس کی طرح اپنی چال ڈھال بھی بنا لی اور اس کی طرح ہی چلنے کی کوشش کی تاکہ میرا خاوند مجھ میں زیادہ دلچسپی لے لیکن نتیجہ میری حسب منشاء نہیں نکلا بلکہ میرے خاوند نے کہا کہ میں نے جو کچھ کیا ہے ،اس کو وہ پسند نہیں کرتا ہے۔اس کے بعد اس نے حجت بازی شروع کردی۔پھر اس نے مجھے طلاق دینے کا فیصلہ کر لیا اور کسی اور عورت سے بیاہ رچا لیا‘‘۔ دریں اثناء نئی نئی ماں بننے والی کم کاردشیان ہالی ووڈ میں موضوع سخن بن گئی ہیں اور اس کا سبب یہ ہوا ہے کہ ماں بننے کے بعد ان کا وزن پچیس کلوگرام تک گھٹ چکا ہے۔کم کاردشیان نے جے لینو کے ’’’دی ٹونائٹ شو‘‘ میں حالیہ نموداری کے دوران کہا کہ’’بچے کے وزن سے نجات ان کی زندگی کا سب سے بڑا چیلنج تھی‘‘۔