سشیل کمار ، امیت کمار اور ونیش کو گولڈ میڈل

گلاسگو 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سشیل کمار نے گزشتہ روز یہاں گلاسگو میں کھیلے جارہے کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کی سنہری قیادت کی ہے۔ جیسا کہ اِس دن ہندوستان نے مزید تین گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے تادم تحریر مجموعی طور پر 5 گولڈ میڈل حاصل کرلئے ہیں۔ سشیل کمار کے علاوہ دیگر ایتھلیٹ میں امیت کمار اور نوجوان ونیش پوگھٹ نے بھی ہندوستان کے لئے گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں۔ جبکہ راجیو تومر کو سلور میڈل حاصل ہوا ہے۔ اِس طرح اسکاٹ لینڈ کے کانفرنس سنٹر میں ہندوستانی ریسلرس نے شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ ریسلنگ کے لئے بغیر کسی بحث کے اسٹار کھلاڑی تصور کئے جانے والے دو مرتبہ کے اولمپک میڈلسٹ سشیل نے اپنے پڑوسی ملک پاکستان کے قمر عباس کو یکطرفہ مقابلے میں بہ آسانی صرف 107 منٹوں میں شکست دی۔ 76 کیلو گرام زمرہ کے فری اسٹائیل مقابلے میں سشیل کمار کا مظاہرہ انتہائی شاندار رہا۔ 66 کیلو گرام زمرہ کے بعد ترقی میں یہ اُن کا پہلا بین الاقوامی میڈل ہے۔ جیسا کہ انھوں نے اپنے مقابلوں میں 9 کیلو گرام زمرے کا اضافہ کرتے ہوئے نئے زمرہ میں شرکت کی ہے۔ یاد رہے کہ سشیل نے بیجنگ اولمپک میں برونز، لندن اولمپکس میں سلور اور 2010 ء ایشین گیمز کے علاوہ 2010 ء کامن ویلتھ گیمز میں جو گولڈ میڈل حاصل کیا ہے وہ 66 کیلو گرام زمرہ میں حاصل کی جانے والی فتوحات ہیں۔ سشیل کمار پہلے مرحلہ میں 6-2 کی سبقت حاصل کرچکے تھے۔

اِس موقع پر ریفری وی کیلان نے فیصلہ کیاکہ فیصلہ ہندوستانی پہلوان کے حق میں دیا جائے۔ پاکستانی حریف کھلاڑی کے خلاف سشیل مقابلہ کے آغاز سے ہی تمام پہلوؤں پر سبقت حاصل کرچکے تھے۔ اِس سے قبل انھوں نے نیوزی لینڈ کے جیڈین لارینس کو قطعی 16 کھلاڑیوں کے مرحلہ میں شکست دی جس کے بعد کوارٹر فائنل میں انھوں نے سری لنکا کے چندریگے کو بھی 4-0 سے ہی شکست دی۔ ہندوستان کے لئے یہ تیسرا گولڈ میڈل رہا۔ جیسا کہ امیت اور ونیش نے بھی اپنے زمروں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ امیت نے 57 کیلو گرام زمرہ میں نائجیریا کے اے بیک ومینو ویلسن کو 3-1 سے شکست دی۔ قطعی 16 کھلاڑیوں کے مرحلہ میں امیت نے جے این بانڈو کو 5-0 سے شکست دی۔

جبکہ کوارٹر فائنل میں انھوں نے جنوبی افریقہ کے بوکان ماسیونی کو 4-0 سے شکست دی۔ سیمی فائنل میں انھوں نے پاکستان کے پہلوان اظہر حسین کو 4-0 سے شکست دی۔ ہندوستان کے نوجوان ریسلر وینیش نے انگلینڈ کے یانا راکن گان کو 48 کیلو گرام زمرہ کے فری اسٹائیل مقابلہ میں شکست دیتے ہوئے ہندوستان کے لئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ جبکہ اِن کی رشتہ دار گیتا پھوگٹ نے2010 ء دہلی گیمز میں ہندوستان کے لئے پہلا میڈل حاصل کیا تھا۔ ہندوستانی ایتھلیٹس کی شاندار فتوحات پر صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے انھیں مبارکباد دی۔ ریسلرس کے علاوہ صدرجمہوریہ نے جیتو رائے، گرپال سنگھ، گگن نارنگ، وکاس ٹھاکر کے علاوہ گلاسگو میں ہندوستانی پرچم کو بلند کرنے والے ہر کھلاڑی کو مبارکباد اور مقابلوں میں شرکت کرنے والے دیگر ہندوستانی ایتھلیٹس کے لئے نیک تماؤں کا اظہار کیا۔