سشما سوراج کے نقش قدم پر چلنے ایس جئے شنکر کا عہد

نئی دہلی، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام)نئے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ کا پہلی بار استعمال کرکے یہ وعدہ کیا کہ وہ اپنی پیشرو سشما سوراج کے نقش قدم کی پیروی کرتے ہوئے وزیر مملکت وی مرلی دھرن کے ساتھ 24گھنٹے ملک کی خدمت کریں گے ۔ جئے شنکر نے وزیر بننے کے بعد تقریبا 10 بجے پہلی بار رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ “میری پہلی ٹویٹ! نیک خواہشات کے لئے آپ سب کا شکریہ۔ یہ ذمہ داری ملنے سے بہت بڑا اعزاز محسوس کر رہا ہوں۔ سشما سوراج کے نقش قدم کی پیروی کرنے پر فخر ہے “۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہاکہ “ہم وزارت خارجہ میں ٹیم انڈیا کے طور پر ہفتے کے ساتوں دن اور چوبیس گھنٹے آپ کی خدمت میں مامور ہیں۔ اپنے ساتھی وزیر مملکت وی مرلی دھرن جی کے ساتھ اس ذمہ داری کی قیادت کرنے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں”۔ ڈاکٹر جئے شنکر کے ٹوئٹر کے پروفائل کے مطابق انہوں نے مئی 2017 میں ہی یہ اکاؤنٹ بنا لیا تھا لیکن اس کے بعد سے اب تک ایک بھی ٹویٹ نہیں کیا تھا۔