سشما سوراج سے بی جے پی ، شیوسینا ارکان کا اظہار یگانگت

لوک سبھا میں آمد پر استقبال ، مودی اور راج ناتھ سے بات چیت

نئی دہلی ۔ 21جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )این ڈی اے کے متعدد ارکان نے وزیر خارجہ سشما سوراج کا لوک سبھا میں آج ان کی آمد پر پرتپاک استقبال کرتے ہوئے خیرسگالی تائید کااشارہ دیا ۔ سشما سوراج جو آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی کی مدد پر پیدا شدہ تنازعہ کی شکار ہوگئی ہیں اور اپوزیشن جماعتیں ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہی ہیں ۔ مانسون سیشن کے پہلے دن جیسے ہی آج صبح وہ ایوان میں داخل ہوئیں کارروائی کے آغاز سے قبل بی جے پی کے متعدد ارکان کے علاوہ حلیف شیوسینا کے چند ارکان نے ان کا استقبال کیا۔ چند ارکان نے ان کے پیر چھوتے ہوئے احترام کااظہار کیا۔ لوک سبھا کا اجلاس آنجہانی ارکان کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد دن بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور سشما سوراج کو پہلی صف میں کسی مسئلہ پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ اس دوران ایس پی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو بھی ان تینوں میں شامل ہوگئے ۔ جب وہ کسی مسئلہ پر بات کررہے تھے وزیراعظم مودی کو ان ( ملائم سنگھ ) کا ہاتھ تھامے ہوئے دیکھا گیا۔ رام گوپال یادو جیسے ایس پی کے چند قائدین نے للت مودی تنازعہ پر سشما سوراج کی تائید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اکثر لوگ کسی مسئلہ پر مدد کیلئے سیاستدانوں سے رجوع ہوتے ہیں چنانچہ اس مسئلہ پر بی جے پی کی سینئر لیڈر سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کی کوئی خاص وجہ نہیں ہے ۔