سری نگر کے مضافات میں این آئی اے کی چھاپہ مار کاروائیاں

سری نگر ۔30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے منگل کے روز سری نگر کے مضافات میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق این آئی اے اہلکاروں نے منگل کی صبح مضافاتی علاقہ لال بازار میں معروف تاجر فیاض احمد میر کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی وسیع پیمانے پر تلاشی لی۔ این آئی اے ٹیم کے ساتھ مقامی پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار بھی تھے ۔ این آئی اے نے لال بازار کے علاوہ اشبر میں بھی چھاپہ مار کاروائی انجام دی۔ اشبر میں این آئی اے نے مبینہ طور پر معراج الدین میر نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی۔ یہ چھاپہ مار کاروائیاں ظاہری طور پر این آئی اے میں درج ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں انجام دی گئی ہیں۔ مذکورہ کیس میں اب تک قریب ایک درجن کشمیری علیحدگی پسند رہنماؤں اور معروف تاجروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وہ این آئی اے کی چھاپہ مار کاروائی سے متعلق تفصیلات اکٹھا کررہے ہیں۔