سری نگر میں سی آر پی ایف اہلکار نے جسمانی طورپر معذوربچے کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلایا، ویڈیو منظر عام پر

سری نگر، 14 مئی (یو این آئی) سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ایک ویڈیو جس میں ایک سی آر پی ایف اہلکار کو ایک جسمانی طور معذوربچے کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ، کو عوامی حلقوں میں کافی پذیرائی مل رہی ہے ۔ویڈیو میں سی آر پی ایف اہلکار جس کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور اقبال سنگھ کے طور پر ہوئی ہے ، کو ایک جسمانی طور ناخیز بچے کو اپنے ہاتھوں سے اسی طرح کھانا کھلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس طرح ایک ماں اپنے بچے کو محبت سے کھانا کھلاتی ہے ۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معذوربچہ دکان کے بر آمدے پر بیٹھا ہوا ہے اور سی آر پی ایف اہلکار کھڑا ہوکر بچے کو اپنے ٹفن سے اپنے ہاتھوں کھانا کھلا رہا ہے اور اس دوارن بچے کا منہ بھی صاف کرتا ہے اور اس کو پانی بھی پلاتا ہے ۔28 سکینڈوں پر محیط اس ویڈیو کو عوامی سطح پر جہاں کافی پذیرائی مل رہی ہے اور سوشل میڈیا اور عام محفلوں میں موضوع بحث بن گیا ہے وہیں اس ویڈیو سے پُرآشوب حالات کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں انسانیت کی ایک کرن جاگزین ہوئی ہے ۔اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اب تک ہزاروں بار شیئر کیا گیا ہے اور لاکھوں لوگوں نے اس کو دیکھا بھی ہے اور پسند بھی کیا ہے ۔