سری لنکا 419 پر آل آؤٹ ، پاکستان 64/0

ابوظہبی ۔29 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر میزبان پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کے 419 رنز کے جواب میں بہتر شروعات کرتے ہوئے 23 اوورس میں اوپنرس نے 64 رنز اسکور کرلئے ۔ شان مسعود نے 74 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 30 رنز اور سمیع اسلم نے 65 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو ایک بہترین شروعات فراہم کی ہے ۔ قبل ازیں سری لنکا نے کپتان دنیش چنڈیمل کے ناقابل تسخیر 155 رنز کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 419 رنز اسکور کئے ہیں ۔ سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور 227/4 سے آگے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 400سے زائد رنز اسکور کرتے ہوئے بہتر موقف حاصل کیا ہے۔ اپنے کل کے اسکور 60 رنز سے آگے کھیلتے ہوئے چنڈیمل نے 150 رنز کی اننگز کو عبور کیا جن کے ساتھ وکٹ کیپر بیٹسمین ڈگ ولا نے 83 رنز اسکور کرتے ہوئے بہترین ساتھ نبھایا ۔ پاکستان کیلئے محمد عباس نے 75 رنز اور یاسر شاہ نے 120 رنز کے عوض فی کس تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی نے 88ر نز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔