سری لنکا کو دوسری ٹی 20 میں بھی شکست

سینچورین ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ایسورو اودانا کی جارحانہ بیٹنگ سری لنکا کو 16 رنز کی شکست سے نہ بچا سکی اور جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ میزبان ٹیم نے ٹاس میں ناکامی کے بعد بیٹنگ کیلئے طلب کئے جانے پر تین وکٹوں پر180رنز بنا ئے۔ریزاہینڈرکس نے 9 چوکوں کی مدد سے 65 اور ریسی فان ڈیر ڈوسین نے 64 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ کپتان جین پال ڈومینی نے ناقابل شکست 33 رنز بنائے۔جواب میں سری لنکن ٹیم 83 رنز پر ابتدائی سات وکٹیں گنوانے کے بعد ایسورو اودانا کی آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں پر مشتمل اننگز کے باوجود نو وکٹوں پر 164 رنز ہی بنا سکی۔کرس مورس نے تین جبکہ ڈیل اسٹین اور تبریز شمسی نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ریسی فان ڈیر ڈوسین کو مین آف دی میچ قراردیاگیا۔