سری لنکا میں پولیس سربراہ کو معطل کرنا پڑا

کولمبو 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی صدر مائیتری پالا سری سینا نے پولیس چیف پجیت جیا سندرا کو معطل کردیا ہے، اُن کے دفتر نے آج یہ اعلان کیا۔ جبکہ ایسٹر سنڈے کے موقع پر زبردست بم دھماکوں کے بعد اپنی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل نے سبکدوشی سے انکار کردیا تھا۔ عہدیداروں کے مطابق سری سینا نے جمعہ کو کہا تھا کہ جیہ سندرا مستعفی ہوگئے لیکن اُنھوں نے مکتوب استعفیٰ بھیجا ہی نہیں اور اپنی سرکاری قیامگاہ سے بدستور استفادہ کرتے رہے۔ سری لنکا میں پولیس سربراہ کو صرف پارلیمانی طریق کار کے ذریعہ برطرف کیا جاسکتا ہے اور سری سینا کا اُنھیں معطل کرنا اِس سلسلہ میں پہلا اقدام ہے۔ سینئر ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی ڈی وکرمادت نے جو فورس میں نمبر دو کا درجہ رکھتے ہیں، اُنھیں کارگذار پولیس چیف کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے۔