سری لنکا بم دھماکے :ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوج کی مہم

کولمبو کے مسلم علاقوں میں فوج کا سرچ آپریشن
کولمبو۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا فوج نے ایسٹر کے دھماکوں میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا ہے ، ان حملوں میں 258 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔یہ دھماکے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو اور اس کے مضافات میں قائم 3 عیسائی عبادت گاہوں اور متعدد ہوٹلز میں کئے گئے تھے ، جس کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی جبکہ کشیدہ صورتحال کے دوران مسلمانوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔’ اے ایف پی ‘کے مطابق فوجی حکام نے بتایا کہ کولمبو کے مضافات میں 3 علاقوں کو گھیرے میں لے کر ان میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ ایسا ہی ایک آپریشن کولمبو کے قریب ملک کے شمال مغربی صوبے میں بھی جاری ہے جہاں گذشتہ ماہ مسلمانوں کی املاک، دکانوں اور مسجد، پر ہونے والے حملوں میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔واضح رہے کہ کولمبو میں ہونے والے دھماکوں کے بعد ملک کی سیکورٹی فورسز نے مسلمان اقلیت والے جزیرے سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا تھا۔بعد ازاں سری لنکا کے آزادی کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی ایس ایل) نے پولیس پر الزام لگایا کہ وہ دھماکوں کے بعد ملک میں پیدا ہونے والے صورتحال میں مسلمانوں پر حملے رکوانے میں ناکام رہے ۔