سری سنت پر جیل میں قاتلانہ حملہ

کوچی27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )سنسنی خیز انکشاف میں ملیالم سنگر مدھو بالا کرشنن نے آج کہا ہے کہ ان کے برادر نسبتی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ایس سری سنت پر تہاڑ جیل میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔ سری سنت 2013 میں آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکام کے بعد جیل منتقل ہوئے تھے ۔ بالا کرشنن نے ملیالم ٹی وی چینل سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تہاڑ جیل میں سری سنت کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جو جیل میں موجود ایک دادا جو کہ قتل کیس میں قید کی سزا کاٹ رہا ہے اس نے دروازے کی آہنی سلاخ سے تیار کردہ ایک تیز دھاری ہتھیار سے ان پر حملہ کیا تھا ۔سری سنت نے جیل سے واپسی پر اس واقعہ سے افراد خاندان کو آگاہ کروایا ہے تاہم افراد خاندان نے اس واقعہ کے متعلق پولیس میں کوئی شکایت درج نہیں کروائی ہے ۔ کرشنن نے یہ بھی کہا کہ آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ میں کئی کھلاڑی ملوث ہیں جو ہنوز پردے کے پیچھے ہیں۔