سرینواس یادو کی کی سی آر سے ملاقات ٹی آر ایس میں شمولیت کا امکان

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر ( این ایس ایس) تلگودیشم پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر تلاسائی سرینواس یادو نے ٹی آر ایس کے سربراہ اور ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے آج یہاں ان کے کیمپ آفس پہنچ کر ملاقات کی ۔ صنعت نگر کے رکن اسمبلی سرینواس ادو نے ٹی آر ایس میں اپنی شمولیت کی افواہوں کے درمیان آج آئی ڈی ایچ کالونی کے ساکنان کے وفد کے ساتھ کے سی آر سے ملاقات کی اور مقامی افراد کے مسائل سے انہیں واقف کروایا ۔ چیف منسٹر نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ آج شام ہی اس کالونی کا دورہ کریں گے اور غریبوں کیلئے پختہ مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس دوران میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ سرینواس یادو اب ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے تیار ہوچکے ہیں کیونکہ تلنگانہ اسمبلی میں فلور لیڈر کا عہدہ نہ دیئے جانے پر وہ اپنی پارٹی سے ناخوش ہیں ۔