سرینا سے مسابقت نے مجھے بہترین کھلاڑی بنایا: وکٹوریہ

برسبین۔ 30؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ آسٹریلین اوپن چمپئن وکٹوریہ ایزرنکا نے کہا کہ عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس سے مسابقت نے انھیں مزید بہترین کھلاڑی بنادیا ہے اور وہ یہاں برسبین انٹرنیشنل اور آسٹریلین اوپن میں آئندہ چار ہفتوں کے دوران بہترین مظاہرے کے لئے پُرعزم ہیں۔ عالمی نمبر دو وکٹوریہ ایزرنکا 17 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن سرینا ولیمس سے ٹینس درجہ بندی میں صرف ایک مقام سے پیچھے ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے،

اگر یہ برسبین اوپن اور آسٹریلین اوپن جوکہ 25 جنوری کو ملبورن پارک میں کھیلا جائے گا، ان فائنلوں میں دونوں کی رسائی ہو۔ بیلاروس سے تعلق رکھنے والی وکٹوریہ ایزرنکا نے متواتر دو مرتبہ آسٹریلین اوپن خطاب حاصل کیا ہے اور دو مرتبہ کی چمپئن وکٹوریہ کا سرینا کے خلاف ریکارڈ 3-13 کا ہے، لیکن گزشتہ چار مقابلوں میں ایزرنکا نے امریکی کھلاڑی کو شکست دینے کے علاوہ گزشتہ ہفتہ تھائی لینڈ میں منعقدہ ایک نمائشی مقابلہ میں سرینا کو 7-5، 6-3 سے شکست دی ہے۔ 24 سالہ ایزرنکا نے برسبین اوپن اور آسٹریلین اوپن کے آغاز کے ضمن میں میڈیا نمائندوں سے یہاں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے سب سے اہم سرینا ولیمس سے مسابقت ہے، کیونکہ اسی مسابقت کی وجہ سے میں مزید بہترین کھلاڑی بنی ہوں۔ ایزرنکا نے اس حقیقت کا بھی اعتراف کیا ہے کہ جب ایک بہتر کھلاڑی آپ کو اپنے حدود میں قید کردیتی ہے تو اس موقع پر اپنی خامیوں کو دُور کرنے کے علاوہ حریف سے بہتر مظاہرے کے لئے اپنے کھیل کے معیار کو بلند کرنا پڑتا ہے

اور یہی سب کچھ سرینا سے مسابقت کی وجہ سے ہوا ہے۔ گزشتہ برس ایزرنکا اور سرینا کا آسٹریلیا میں ایک دوسرے سے مقابلہ نہیں ہوا، کیونکہ برسبین ٹورنمنٹ کے دوران سیمی فائنل سے قبل ایزرنکا نے زخمی ہونے کی وجہ سے دستبرداری اختیار کی تھی جب کہ آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں سرینا ولیمس کو ہم وطن اور نوجوان اُبھرتی کھلاڑی سولین اسٹیفہنس کے خلاف حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی تھی جب کہ ایزرنکا نے سیمی فائنل میں اسٹیفہنس کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔