سرکل 12 میں ٹیکس وصولی کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل

حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بلدی سرکل 12 کے حدود میں جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے 12 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سرکل کے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں کارروائی انجام دی جارہی ہے اور اس مناسبت سے بل کلکٹرس ٹیکس دہندگان کو نوٹسیں جاری کررہے ہیں اور اس سرکل میں 40 ہزار امکانی ٹیکس دہندگان ہیں جن میں سے تقریباً 20 ہزار امکانی ٹیکس دہندگان نے تاحال ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی ہے جبکہ بلدی افسران انہیں جرمانوں کے بغیر ٹیکس ادائیگی سے متعلق ترغیب دے رہے ہیںاور اس مناسبت سے سرکل کے حدود میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جارہی ہے تاکہ ٹیکس وصولی کے مقررہ نشانہ تک پہنچا جاسکے۔ حالیہ دنوں میں اسمبلی انتخابات میں مصروف افسران اب پوری طرح جائیداد ٹیکس وصولی میں مصروف ہوچکے ہیں ۔ واضح ہو کہ سال گزشتہ سرکل کے حدود میں 28 کروڑ جائیداد ٹیکس وصول کیا گیا تھا اور امسال عہدیداروں نے سال گزشتہ کے مقابلہ دگنا ٹیکس وصول کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر انکشاف علی نے بتایا کہ امسال کم از کم 35 کروڑ کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور ٹیکس ادائیگی سے متعلق جاری کردہ نوٹسوں کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ریڈ نوٹسیں جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جبکہ بلدیہ کی تشہیری مہم کی وجہ سے ٹیکس دہندگان آن لائن بھی ٹیکس ادا کررہے ہیں۔