سرکاری ملازمین کی طرز پر صحافیوں کو ہیلت کارڈ

حکومت کی جامع ہیلت پالیسی تیاری کے مرحلہ میں،ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے سرکاری ملازمین کی طرز پر صحافیوں کو ہیلت کارڈز کی فراہمی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سرکاری ملازمین کو ہیلت کارڈز فراہم کئے گئے ہیں اسی طرز پر صحافیوں کو کارڈز کی فراہمی کیلئے حکومت جامع ہیلت پالیسی تیار کررہی ہے۔انہوں نے اسمبلی میں تلگودیشم کے رکن وینکٹ ویریا کی توجہ دہانی پر یہ تیقن دیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ملک کی کسی بھی ریاست کے مقابلہ صحافیوں کی بھلائی کے سلسلہ میں اقدامات کرنے والی پہلی حکومت ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے بجٹ میں صحافیوں کی بھلائی کیلئے رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت کارڈ کی فراہمی کے سلسلہ میں جلد ہی پالیسی کو قطعیت دے دی جائے گی۔ تلگودیشم رکن نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد میں صحافیوں نے اہم رول ادا کیا تھا اس کے علاوہ رپورٹنگ اور خبروں کی ترسیل میں صحافیوں کو کئی مشکلات اور دشواریوں کا سامنا ہے۔ نامساعد حالات میں وہ خدمات انجام دے رہے ہیں لہذا حکومت کو ان کی بھلائی پر توجہ دینی چاہیئے۔ وینکٹ ویریا نے صحافیوں کیلئے ہیلت کارڈ اور اراضی کے پٹے الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔