سرکاری ملازمین کو 9 ماہ کے بقایاجات کی ادائیگی

حکومت اپنے وعدہ کی پابند ، اسمبلی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے سرکاری ایمپلائیز کی تنخواہوں میں اضافہ کے بعد 9 ماہ کے بقایاجات بھی جلد از جلد جاری کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹی آر ایس ہی واحد حکومت ہے جو بقایاجات جاری کررہی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بی جے پی کے ارکان اسمبلی جی کشن ریڈی اور ڈاکٹر لکشمن کی جانب سے پے ریویژن کمیشن کی سفارشات کے بعد جہاں تنخواہوں میں 43% اضافہ کیا گیا ہے، وہیں وعدے کے مطابق 9 ماہ کے بقایاجات جاری نہ کرنے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ریاست کی تاریخ میں کبھی بقایاجات جاری نہیں کئے گئے لیکن وہ سرکاری ایمپلائیز اور ریٹائرڈ ایمپلائز کی  تنخواہوں میں 43% اضافہ کے باوجود 9 ماہ کے بقایاجات ادا کرنے سے بھی اتفاق کرچکے ہیں۔ تنخواہوں میں اضافہ کرنے سے قبل سرکاری ملازمین کی تمام تنظیموں سے مشاورت کرنے کے بعد وہ فیصلہ کرچکے ہیں۔ وہ ریاست کی مالی حالت کو ایمپلائیز کے سامنے پیش کرچکے تھے تب یونین کے نمائندوں نے صرف اعلان کرنے اور حالت سازگار ہونے کے بعد بقایاجات جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ نوٹ بندی کا ریاست کی آمدنی پر اثر پڑا ہے۔ جنوری میں ریاست کے مالی موقف کا اندازہ ہوگا، اس کے بعد حکومت بقایاجات جاری کرنے کے معاملے میں ہمدردانہ غور کرے گی۔ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ چیف منسٹر نے ابھی تک 6 تا 7 مرتبہ فینانس ڈپارٹمنٹ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے بقایاجات جاری کرنے کا جائزہ لیا ہے، تاہم نوٹ بندی کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ایمپلائیز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا۔ مرحلہ وار اساس پر ان کی خدمات کو مستقل کیا جائے گا۔
ملازمین کو سبکدوش ہوتے ہی وظیفہ فوائد
lحکومت تلنگانہ نے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے والے ملازمین کی وظیفہ رقم کی ادائیگی سے متعلق خصوصی احکامات جاری کئے چنانچہ سرکاری ملازمین جس دن وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے ، اسی دن انہیں تمام فوائد حاصل ہوجائیں گے۔ حکومت نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی ملازم کی سبکدوشی سے 6 ماہ قبل ہی تمام دستاویزات تیار کرلئے جائیں تاکہ جس دن وہ سبکدوش ہوں ، اسی دن انہیں وظیفہ منظوری کے احکامات جاری کئے جاسکیں۔