سرکاری محکمہ جات میں کرپشن روکنے موثر اقدامات

پولیس ، ٹرانسپورٹ اور رجسٹری دفاتر میں بدعنوانیوں میں کمی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے رشوت سے پاک نظم و نسق کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے تمام سرکاری محکمہ جات میں اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ پنچایت سے سکریٹریٹ تک نظم و نسق شہریوں کو مرکوز خدمات فراہم کرنے کی تجاویز کو قطعیت دی جارہی ہے تاکہ ہر سطح پر کرپشن ختم کیا جاسکے ۔ بیشتر محکمہ جات بشمول مالی رجسٹریشن و اسٹامپس تعلیم ، صحت ، پنچایت راج ، بلدی نظم و نسق ، شہری ترقی ، دیہی ترقی ، پولیس ، انڈسٹریز اور ٹرانسپورٹ میں شہریوں کو خدمات فراہم کرنے میں اصلاحات نافذ کرچکے ہیں اور نئی ٹکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ حال میں جائیدادوں کی رجسٹری کے لیے شروع کئے گئے ای چالان سسٹم سے مقامی رجسٹرار آفیس میں کرپشن کم کرنے میں مدد ملی ہے ۔ کرپشن کے لیے بدنام ٹرانسپورٹ پارٹمنٹ میں لائسنس کی اجرائی ، وہیکل رجسٹریشن جیسی خدمات میں درمیانی آدمی کا رول ختم کردیا گیا ۔ حالیہ عرصہ میں خدمات فراہمی کے لیے موبائل APPS کے استعمال سے محکمہ ٹرانسپورٹ میں کرپشن ختم ہوا ہے ۔ محکمہ پولیس کی خدمات میں بھی کافی شفافیت آئی ہے ۔ نئے APP ، ویری فاسٹ ویری فائی کی وجہ سے پاسپورٹ جانچ کے دوران ہورہے کرپشن کو ختم کیا گیا ایک اور APP hawkeye کے ذریعہ عوام کو سرکاری کام کرنے کے لیے رشوت طلب کرنے والے عہدیداروں کے خلاف شکایت کرنے کی سہولت دی گئی ہے ۔ اسکالر شپس اور فیس باز ادائیگی اسیکموں پر عمل آوری میں بھی کرپشن کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کیے گئے ہیں ۔۔