سرکاری قاضیوں کو اعزازی مشاہیرہ ادا کیا جائے

کڑپہ ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : قضاء ت کونسل آف آندھرا پردیش کا ایک اجلاس کونسل کے سرپرست اعلی سجادہ نشین آستانہ مرادیہ حضرت سید شاہ محمد نظر اللہ باشاہ قادری کے مکان میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر ریاست میں قاضی صاحبان کو درپیش مسائل پر بحث کی گئی ۔ کونسل کے چیرپرسن سید عبدالحئی قادری ، صدر کونسل سید سراج الدین بخاری نے قاضیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے چند تجاویز پیش کئے ۔ جنہیں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔ یہ تجاویز حکومت کو روانہ کی گئیں ہیں تجاویز پرنسپل سکریٹری میناریٹی ڈپارٹمنٹ حکومت آندھرا پردیش کو روانہ کی گئی ۔ جنرل سکریٹری سید محمد طاہر اللہ قادری نے حکومت سے فوری مندرجہ ذیل حل طلب مسائل پر فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سرکاری قاضیوں کی موجودہ کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے نئے قاضیوں کا تقرر فی الفور روک دیا جائے ۔ سرکاری قاضی صاحبان کے تقررات کے لیے ضروری قواعد نافذ کئے جائیں ۔ سرکاری قاضیوں کا عہدہ چونکہ گزیٹیڈ ہے اس اعتبار سے انہیں سرکاری مراعات دئیے جائیں ۔ مسلمانوں کے طلاق کے مسائل میں پولیس کی بے جا مداخلت کو روکا جائے ۔ سرکاری قاضیوں کے متعلق ایک واضح دستور العمل مقرر کیا جائے ۔ سرکاری قاضیوں کو ہرماہ اعزازی رقم مقرر کی جائے ۔ سرکاری قاضیوں کو خادم الحجاج کی حیثیت سے تقرر کیا جائے کونسل کی جانب سے عنقریب ریاستی سطح کا اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔۔