سرکاری عہدیداروں کو دھمکانے والا خود ساختہ چیف منسٹر کا پرنسپل سکریٹری گرفتار

ملزم رئیل اسٹیٹ تاجر کی سب رجسٹرار رنگاریڈی کو اراضی تنازعہ کی یکسوئی کی دھمکی کا شاخسانہ
حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) خود کو چیف منسٹر کا پرنسپل سکریٹری ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سرکاری عہدیداروں کو دھمکانے میں ملوث ایک دھوکہ باز کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دھوکہ باز وجئے کمار ڈیجیٹل سی پی ٹیکنالوجی لمیٹیڈ کے نام سے رئیل اسٹیٹ کاروبار چلارہا تھا۔ اسی دوران اُس نے خانم میٹ میں متنازعہ دو ایکر اراضی کے دستاویزات حاصل کرنے کے لئے رنگاریڈی کے سب رجسٹرار سباراؤ کو فون پر دھمکی دینا شروع کیا۔ خود کو چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے وجئے کمار نے سب رجسٹرار کو اراضی سے متعلق دستاویزات فوری جاری کرنے کیلئے دباؤ ڈالا۔ آئے دن دھوکہ باز سب رجسٹرار کو فون کرنے لگا اور دستاویزات کی اجرائی کے لئے مزید دباؤ ڈال رہا تھا جس پر سب رجسٹرار نے پولیس سے رجوع ہوکر اِس سلسلہ میں ایک شکایت درج کروائی۔ پولیس نے وجئے کمار کے موبائیل فون نمبر کی مدد سے اُس کا پتہ لگالیا اور اُسے گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ دھوکہ باز وجئے کمار تلنگانہ میں ہی نہیں بلکہ آندھراپردیش اور چینائی میں بھی فرضی دستاویزات کی تیاری اور سرکاری عہدیداروں کو دھمکانے کے 15 سے زائد واقعات میں ملوث ہے اور اِس ضمن میں مقدمات بھی زیرالتواء ہیں۔ وجئے کمار نے اِس کیس میں پولیس کی جانب سے حراست میں لئے جانے پر پھر ایک مرتبہ پولیس کو جھانسہ دے کر خود کو سابقہ پرنسپل چیف سکریٹری کا بیٹا ہونے کا دعویٰ کیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔