سرکاری دواخانوں کے ملازمین کو وزیر صحت کی وارننگ

حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) وزیر صحت سی لکشما ریڈی نے نیلوفر گاندھی اور عثمانیہ دواخانوں میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو سخت انتباہ دیا اور کہاکہ حکومت ایسے کسی رویہ کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی جس سے کہ دواخانوں کا وقار متاثر ہوتا ہو اور حکومت غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔ وزیر صحت نے کہاکہ ان کے پاس ان افراد کی فہرست موجود ہے جن کی حرکتوں سے سرکاری دواخانوں کا وقار متاثر ہوا ہے۔ وزیر صحت نے یہ ریمارکس اس تقریب میں کئے جہاں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے ریڈیای تھراپی مشن کا آغاز کیا جس پر حکومت 14 کروڑ روپئے سے زائد رقم خرچ کرے گی۔ وزیر صحت نے خبردار کیاکہ حفظان صحت کو سیاسی رنگ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو افراد میڈیکل کالجس کو بدنام کرنے کی کوشش میں ہیں ان کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی۔