سرکاری دواخانوں کے مریضوں کا الیکٹرانک ہیلت ریکارڈ

رسول پورہ اور شاد نگر میں تجربہ ، ریاست گیر سطح پر توسیع کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : محکمہ صحت ریاست کے سرکاری ہاسپٹل میں علاج کرانے والے ہر مریض کا الیکٹرانک ہیلت ریکارڈ تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر رسول پورہ اور شاد نگر کے ہیلت سنٹرس پر عمل کیا جارہا ہے ۔ کامیابی پر ریاست کے 5661 سرکاری ہاسپٹلس میں اس سسٹم کو توسیع دی جائے گی ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں علاج کرانے والے مریضوں کی جامع انداز میں تفصیلات اندراج نہیں ہوپارہی ہے ۔ کونسا مریض کس شکایت کے ساتھ ہاسپٹل پہونچ رہا ہے ۔ اس کا ریکارڈ نہیں ہے ۔ ان پیشنٹ اور آوٹ پیشنٹ کا عارضی ریکارڈ درج ہے ۔ جس کی وجہ سے ہاسپٹل پہونچنے والے مریض کو بار بار مختلف ٹسٹ کروانے پڑتے ہیں ان تمام مسائل کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ صحت نے ہر مریض کا جامع ریکارڈ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے رسول پورہ اور ضلع رنگاریڈی کے شاد نگر ہیلت سنٹرس پر الیکٹرانک ہیلت ریکارڈ سسٹم پر عمل کرنے کی شروعات ہوگئی ہے ۔ ای میڈیکل پرائیوٹ لمٹیڈ اور حکومت کے درمیان ایک معاہدہ بھی کیا گیا ہے اور ( پی پی پی ) سسٹم کے تحت کام کیا جارہا ہے ۔ ان دو ہیلت سنٹرس میں علاج کے لیے پہونچنے والے ہر مریض کی تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے انہیں خصوصی شناختی نمبر دیا جارہا ہے ۔ مریض کے ہاسپٹل میں شریک ہونے سے ڈسچارج ہونے تک کیا گیا علاج ، کرائے گئے ٹسٹ وغیرہ کی تمام تفصیلات شناختی نمبر سے مربوط کردی جائے گی ۔ اس کے بعد الیکٹرانک ہیلت کارڈ کو تمام سرکاری ہاسپٹلس سے مربوط کردیا جائے گا ۔ مریضوں کی خصوصی شناخت رہنے کی وجہ سے ریاست کے کسی بھی سرکاری ہاسپٹل سے رجوع ہونے پر ان کی تمام تفصیلات تاحال کئے گئے علاج اور ٹسٹ رپورٹ دستیاب رہے گی ۔ جو بٹن دباتے ہی سامنے آجائے گی ۔ جس کی بنیاد پر مریض کو ہاسپٹل میں طبی امداد فراہم کی جائیں گی ۔ ریاست میں جملہ 5661 سرکاری ہاسپٹلس ہیں جن میں 20 ٹیچنگ ہاسپٹلس 7 اضلاع ہاسپٹلس 32 ایریا ہاسپٹلس 119 کمیونٹی ہیلت سنٹرس 3 میٹرنیٹی ہاسپٹلس 683 ہیلت سنٹرس ۔ 4797 سب سنٹرس ہیں ۔ان تمام ہاسپٹلس کو مستقبل میں آن لائن سے مربوط کردیا جائے گا ۔۔