سرسلہ میں کپڑوں کی صنعت کو مثالی بنانے کی کوشش

سرسلہ۔/30اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایم پی ونود کمار نے کہا کہ مسلسل جدوجہد کرکے تلنگانہ حاصل کیا گیا ہے، ہماری زندگیوں میںخوشحالی کیلئے حکومت حتیٰ المقدور عوام کی بہبود کیلئے کوشش کررہی ہے۔ سرسلہ مستقر پدماوتی سنگم کے زیر اہتمام منعقدہ نولو پور نمی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ ونود کمار مخاطب تھے۔ پرانے بس اسٹانڈ میں مجسمہ کی گلپوشی کی ۔ بنکروں ( جلاہوں ) کی شوبھا یاترا پر لائے ہوئے کپڑوں ملبوسات سے مجسمہ کو سجایا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کپڑے کی صنعت کو ملک بھر میں شناخت دلانے والے سرسلہ کے بنکروں کو ہمت اور حوصلے سے زندگی گذارنے کیلئے کوشش کرنی چاہیئے انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، دلبرداشتہ ہوکرانتہائی اقدامات کا خیال تک نہ لایا جائے کیونکہ خودکشی سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے بلکہ یہ بزدلانہ عمل ہے، انہوں نے بنکروں سے کہا کہ آپ ہمت سے کام کریں حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ سرسلہ کے بنکروں ( جلاہوں ) کپڑا تیار کرنے والے مزدوروں کو اس وقت کے ایم پی اور موجودہ چیف منسٹر کے سی آر نے 50لاکھ ترقیاتی فنڈ دیا تھا اس کی یاددہانی کی۔ اب بنکرجتنا کام کرسکتے ہیں کریں اس کے لئے حکومت ہر طرح کی سہولت اور رعایت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام میں مہارت پیدا کریں اور مارکٹ میں جس طرح کے ملبوسات کی مانگ ہے اسے تیار کریں کیونکہ یہ مسابقتی دور ہے اس لئے بہتر ڈیزائن اور پائیداری ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کپڑے کی صنعت میں مفت لال، بمبئی ڈائنگ جیسے بڑی صنعتوں کے قیام کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ اس صنعت میں بازاری مانگ اور خواہش کے مطابق بدلاؤ لانے کی کوشش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ کے ذریعہ یہاں کے تیار کردہ ملبوسات کی پیداوار کی مارکٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ملک بھر میں سرسلہ کی ایک خاص پہچان ہو اس طرح سے یہاں مختلف قسم کی حکومت کی جانب سے سہولتیں اور کپڑے کی تیاری کے اقدامات کی کوشش کی جارہی ہے۔ آئی ٹی، پنچایت راج وزیر کے ٹی آر نے تاحال 25 ہزار بنکروں کو لائف انشورنس کی سہولت فراہم کی ہے۔ وزیر فینانس اس ضلع کی نمائندگی کرتے ہیں اس لئے سرسلہ میں کپڑے کی صنعت کو عصری ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر سرسلہ کی ترقی کیلئے مرکزی دیہی ترقیات وزیر سے ملاقات کرکے مزید فنڈز کی اجرائی کی منظوری لی جائے گی۔ اس موقع پر سرسلہ میونسپل چیرپرسن سامولا پوانی، ٹی آر ایس ضلع صدر ایدا شنکر ریڈی، پدما شالی سنگھم ضلع صدر بی وٹھل، مستقر صدر لکشمی نارائن، ٹی آر ایس مقامی صدر چکرا پانی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔