سردھا اسکام : سابق مرکزی وزیر گرفتار ، شریک دواخانہ

کولکتہ ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج سابق مرکزی مملکتی وزیر برائے اُمور داخلہ متنگ سنہہ کو سردھا چٹ فنڈ اسکام کیس کے سلسلے میں گرفتار کرلیا جو اس کیس میں تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے حراست میں لئے جانے والے اولین سابق مرکزی وزیر بن گئے ہیں۔ سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ متنگ سنہہ کو مبینہ مجرمانہ سازش ، سردھا ریئلٹی سے متعلق فنڈس کے بیجا تصرف اور دھوکہ دہی کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔ سردھا ریئلٹی اس گروپ کی کمپنیوں میں سے ہے ، جس کی سی بی آئی کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ متنگ سنہہ اس کیس کے سلسلے میں ایسے پہلے سابق مرکزی وزیر ہیں جو سی بی آئی کی جال میں آئے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ انہیں کولکتہ میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ہیڈکوارٹر کو طلب کیا گیا ہے جہاں ان سے زائد از پانچ گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی اور پھر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ اس دوران سابق مرکزی وزیر متنگ سنہہ کو پیٹ کے عوارض کی شکایت پر ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس نے بتایا کہ متنگ سنہہ نے پیٹ میں درد کی شکایت کی ۔ سی بی آئی ترجمان نے بتایا کہ قبل ازیں تحقیقاتی ایجنسی نے ان سے سات گھنٹے سے زائد پوچھ تاچھ کی ۔۔