سردار پٹیل نے ہندوستان کی یکتا کے لیے زندگی بھر جدوجہد کی

یوم پیدائش کے موقع پر سکریٹریٹ میں تقریب ، چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( پی ٹی آئی ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ بنیادی حقوق اور آزادی کے چمپئن تھے ۔ نیشنل یونٹی ڈے کے طور پر ریاستی سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک مختصر تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ سردار پٹیل نے زندگی تمام ہندوستان کے اتحاد اور اس کی یکتا کے لیے جدوجہد کی تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے سکریٹریٹ ملازمین کو ہم آہنگی کا حلف دلایا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ’’ آج اگر ہندوستان ایک ہے تو یہ صرف سردار پٹیل کی کاوشوں کے باعث ہے ، جنہوں نے اس وقت کے رجواڑوں کو ہندوستانی یونین میں شامل کرنے میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ وہ 40 ماہ تک ملک کے وزیر داخلہ رہے ۔ انہوں نے اس قدر اچھے کام کیے جو 400 نسلوں کے لیے کافی ہیں ‘‘ ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ان کی زندگی سے ایک تحریک حاصل کرتے ہوئے ہر ایک کو ہندوستان کی بہتری کے لیے اپنا رول ادا کرنا چاہئے اور اسے دنیا میں ٹاپ مقام پر لانے میں کوشش کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے ہر ایک سے یہ بھی خواہش کی کہ مرکزی حکومت کے نئے پروگرامس جیسے سوچھ بھارت ، میک ان انڈیا ، ڈیجیٹل انڈیا اور ریاستی حکومت کے پروگرامس جیسے جنم بھومی اور مختلف طبقات کی ترقی اور ان کی فلاح و بہبود کے مختلف مشنس کو کامیاب بنائیں ۔ چیف سکریٹری ٹی وائی آر کرشنا راؤ اے پی سکریٹریٹ ایمپلائز اسوسی ایشن کے صدر بومرلی کرشنا اور دوسروں نے اس تقریب میں شرکت کی ۔۔