سرحد پار دہشت گردی پر ہند۔ روس بات چیت

 
نئی دہلی۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور روس نے افغانستان ۔ پاکستان کے علاقوں کے ’’دہشت گردی کا اڈہ‘‘ بن جانے پر اظہار فکرمندی کیا اور اس سے درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ پریتی سارن معتمد (مشرقی) وزارت خارجہ کی زیرقیادت ایک ہندوستانی وفد میں نائب وزیر خارجہ روس اولیگ وی سیرومولوٹوف کی زیرقیادت روسی وفد سے بات چیت کی۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی فہرست نمبر 1267 مختلف دہشت گرد افراد کو اس میں شامل کئے ہوئے ہے۔ اس پر فوری عمل آوری کی جانی چاہئے۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ، برکس اور ایس سی او کے انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں شدت پیدا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ دونوں ممالک نے ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ بنیاد پرستی اور دہشت گردی کو کچلا جاسکے اور اس کا گہری نظر سے جائزہ لیا جاسکے۔

 

سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کیلئے
ہندوستان کو وینیزویلا کی تائید
نئی دہلی۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وینیزویلا نے آج اقوام متحدہ میں اصلاحات کا مطالبہ کیا اور ہندوستان کو اس کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کی تائید کی اور کہا کہ یہ صرف فرسٹ ورلڈ کے قائدین کو ہی نہیں دی جانی چاہئے۔ وینیزویلا کے سفیر آگسٹو مونٹیل نے ہندوستانی خواتین پریس کور کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ ادعا پیش کیا۔