سرحدی کشیدگی کی وجہ کاروان امن بس سروس معطل

سری نگر، 30اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گذشتہ چند دنوں سے جاری کشیدگی کے پیش نظر گرمائی دارالحکومت سری نگر اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کی دارالحکومت مظفرآباد کے درمیان چل رہی ہفتہ وار ‘کاروان امن بس’ پیر کو نہیں چلے گی۔ یہ مسلسل دوسرا ہفتہ ہے کہ جب اس بس کو معطل کیا گیا ۔اس بس کو گذشتہ ہفتے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں منائے جارہے 69 ویں ‘یوم تاسیس’کے پیش نظرمعطل کیا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ‘ہمیں ابھی ایک حکم نامہ موصول ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ پیر کو چلنے والی کاروان امن بس سروس معطل کی گئی ہے ‘۔انہوں نے بتایا ‘بس سروس کو معطل کرنے کی کوئی وجہ مذکورہ حکم نامے میں نہیں ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سروس کو ایل او سی پر جاری کشیدگی کے پیش نظر معطل کیا گیا ہے ۔