سرحدی دیہات پر پاکستانی فائرنگ

جموں ۔/30جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع جموں میں بین الاقوامی سرحد سے متصل چوکیوں اور مکانات پر کل رات بھر پاکستانی دستے فائرنگ اور مارٹر کے ذریعہ شلباری کرتے رہے۔ بی ایس ایف نے جس کا منہ توڑ جواب دیا۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ضلع جموں میں سب سیکٹر ارینا اور آر ایس پورہ میں ہندوستانی چوکیوں اور شہری علاقوں پر پاکستانی رینجرس کل رات بھر بڑے اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ اور شلباری کرتے رہے جس کے ساتھ ہی سرحدوں کی محافظ بی ایس ایف نے مورچہ سنبھال لیا اور جوابی فائرنگ کی جس کا سلسلہ آج 2:30 بجے اختتام پذیر ہوا۔

تاج۔ آگرہ کار ریالی
لکھنؤ۔/30جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو اپنے آبائی ٹاؤن میں سیاحتی مرکز کو ترقی دینے اور لائن سفاری( شیروں کی محفوظ پناہ گاہ ) کو فروغ دینے کیلئے کل ایٹواہ سے سالانہ تاج۔ آگرہ کار ریالی کو جھنڈی بتاکر روانہ کریں گے۔ اگرچیکہ اس طرح کی تقاریب تاج مہا اُتسو کے نام پر آگرہ میں منعقد کی جاتی تھیں لیکن پہلی مرتبہ یہ تقریب چیف منسٹر کے آبائی ضلع میں منعقد کی جارہی ہے جہاں پر سفاری پراجکٹ کے قیام کا بھی منصوبہ ہے۔