سرحدی جھڑپ میں زخمی 4 سالہ فلسطینی لڑکا فوت

غزہ سٹی (فلسطینی سرحد) ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) غزہ سرحد پر اسرائیلی فوج اور فلسطینی احتجاجیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے دوران زخمی ہونے والا ایک چار سالہ فلسطینی لڑکا زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق گزشتہ جمعہ کو خان یونس میں ہوئی جھڑپوں کے دوران چار سالہ فلسطینی لڑکا احمد ابو عابد شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا۔ وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرا نے بتایا کہ متوفی کی عمر چار سالہ آٹھ ماہ تھی، البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ لڑکا زخمی کیونکر ہوا اور اسے احتجاج کے وقت سرحد پر کیوں لایا گیا اور وہ کیا حالات تھے جن کے تحت وہ زخمی ہوا اور بعدازاں جانبر نہ ہوسکا۔