سربراہ فوج پاکستان جنرل راحیل شریف کے دورۂ امریکہ میں توسیع

واشنگٹن۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ سربراہ فوج پاکستان جنرل راحیل شریف کا سرکاری دورہ پہلے ہی ختم ہو چکا ہے، تاہم نجی معاملات کی بناء پر انھوں نے اپنے دورے میں توسیع کر دی تھی۔ اب وہ پیر کی صبح اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ جنرل راحیل شریف نے 19 نومبر کو واشنگٹن میں امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی تھی جہاں پاکستان کے فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے ایس پی آر کے مطابق انھوں نے کہا تھا کہ کہ پاکستانی فوج دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی میں مصروف ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ پاکستانی فوج فاٹا میں اس بات کو یقینی بنائے گی کہ وہاں سے فرار ہونے والے دہشت گرد واپس نہ آ سکیں اور نہ ہی پاکستانی سرزمین پر اپنے اڈے قائم کر سکیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی کے ارکان نے بھی جنرل راحیل سے ملاقات کے بعد شمالی وزیرستان میں جاری کارروائی کے نتائج کی ستائش کی۔ بیان کے مطابق امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے تسلیم کیا تھا کہ پاکستانی افواج کی کامیاب کارروائی کی وجہ سے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا۔ دریں اثناء امریکہ کے محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف آج امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری سے ملاقات کررہے ہیں۔ ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال، افغانستان سے بیرونی افواج کے تخلیہ اور افغانستان میں امریکی افواج کے معاملات پر بات چیت کرنے کا امکان ہے۔