سدی پیٹ میں پرامن رائے دہی کا انعقاد

چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی اہلیہ کیساتھ حق رائے دہی کا استعمال کیا

سدی پیٹ۔ 11 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پارلیمانی حلقہ میدک کے سدی پیٹ حلقہ اسمبلی جات سدی پیٹ، گجویل، دوباک میں رائے دہی کا آغاز آج صبح 7 تا شام 5 بجے تک جاری رہا۔ تین حلقہ جات اسمبلی سدی پیٹ میں 70% ، دوباک میں 75% اور گجویل میں 57.7% رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ سدی پیٹ گجویل دوباک میں رائے دہی پرامن رہی۔ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، البتہ سدی پیٹ کے موضع ابراہیم پور میں کانگریس کے امیدوار گالی انیل کمار نے ٹی آر ایس کے ایجنٹ سے بحث و تکرار کے بعد ہاتھا پائی تک نوبت پہنچ گئی۔ کانگریس امیدوار کا یہ الزام تھا کہ رگنگ کی جارہی ہے۔ اس الزام کے بعد ٹی آر ایس کے قائدین نے رورل پولیس سدی پیٹ میں شکایت درج کروائی۔ میدک حلقہ سے 10 امیدوار میدان میں تھے۔ سخت گرمی کے باوجود برقعہ پوش خواتین، پولنگ بوتھس پر کثیر تعداد میں دیکھے گئے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے سدی پیٹ کے موضع چنتا مڑگہ میں اپنی اہلیہ شریمتی شوبھا رانی کے ہمراہ اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ ٹی ہریش راؤ بھارت نگر بوتھ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ کتہ پربھاکر امیدوار ٹی آر ایس، بی جے پی امیدوار راگھونندن نے دوباک میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔