سدھیر کمیشن کا 5اکٹوبر کو دورہ عادل آباد

عادل آباد۔/30ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست کے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے مسلمانوں کی سپماندگی کا جائزہ لینے کی غرض سے حکومت کا قائم کردہ میناریٹی کمیشن ضلع عادل آباد کا دو روزہ دورہ کررہا ہے۔ یہ بات ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ 5اکٹوبر کو مسٹر جی سدھیر( آئی اے ایس ) اپنی ٹیم کے ساتھ مستقر عادل آباد پہنچ کر میناریٹی گرلز ہاسٹل و بوائز ہاسٹل کا معائنہ کریں گے۔ سرکاری عہدیداروں کے اجلاس میں شرکت کے بعد دوپہر 2بجے تا 4بجے مستقر کے ضلع پرجا پریشد ہال میں سیاسی و سماجی قائدین و مساجد کے ائمہ و انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران سے تفصیلات اور تحریری یادداشت حاصل کریں گے۔ رات قیام کے بعد دوسرے دن 6اکٹوبر کو حلقہ اسمبلی و مستقر خانہ پور کا دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں سے ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں نرمل پہنچ کر مقامی سیاسی و سماجی قائدین کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے تفصیلات سے واقفیت حاصل کریں گے اور اردو گھر میں اقلیتی طلباء اور طالبات کے کمپیوٹر سنٹر کا بھی مشاہدہ کرنے کے بعد حیدرآباد کے لئے روانہ ہوں گے۔ سیاست کوآرڈینیٹر مسٹر شفیع اللہ خان نمائندہ سیاست محبوب خان نے عادل آباد کی مسلم تنظیموں، سیاسی و سماجی قائدین، مساجد کمیٹی کے ذمہ داروں سے خواہش کی ہے کہ میناریٹی کمیشن کے دورہ کے پیش نظر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرانے کی غرض سے زیادہ سے زیادہ تحریری نمائندگیاں پیش کریں اور معاشی، تعلیمی پسماندگی کا اظہار کرتے ہوئے بیروزگاری کی طرف توجہ مبذول کروائیں۔