سدھو مشکل میں ، مودی کیخلاف ریمارک پر ای سی کی نوٹس

نئی دہلی۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے کانگریس کے قائد نوجوت سنگھ سدھو کو وجہ نمائی کی ایک تازہ نوٹس جاری کی ہے جس میں ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف رکیک حملے کرکے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ نوٹس نوجوت سنگھ سدھو کو گزشتہ جمعہ کو جاری کی گئی۔ بی جے پی کی طرف سے الیکشن کمیشن کو ایک شکایت ملی تھی کہ 29 اپریل کو مدھیہ پردیش میں ایک جلسے کے دوران سدھو نے مودی کے خلاف یہ اخلاق سے گرے ہوئے جملے کہے تھے۔ سدھو نے بارہا وزیراعظم پر الزام لگایا کہ انہوں نے رافیل لڑاکا طیاروں کے سودے میں کافی دولت بنائی اور قومی بینکوں کو لوٹنے کے بعد دولت مندوں کو ملک سے فرار ہونے کی اجازت دے دی۔ الیکشن کمیشن نے ماہ اپریل میں سدھو کو مسلم برادری کو ان کوششوں سے آگاہ کرنے کے خلاف سخت وارننگ دی تھی کہ بہار میں مسلمانوں کے ووٹوں کی تقسیم کی کوشش کی جارہی ہے اور انہیں 72 گھنٹے انتخابی تحریک چلانے سے روکا جارہا ہے۔