سدھاکر ریڈی اتفاق رائے سے سی پی آئی جنرل سکریٹری منتخب

کولم ( کیرالا ) 29 اپریل ( سیاست ڈآٹ کام ) سینئر کمیونسٹ لیڈر ایس سدھاکر ریڈی مسلسل تیسری معیاد کیلئے سی پی آئی جنرل سکریٹری منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کا انتخاب پارٹی کی 23 ویں کانگریس میں عمل میں آیا جو آج یہاں اختتام کو پہونچی ۔ 126 رکنی قومی کونسل کے علاوہ 11 رکنی کنٹرول کمیشن اور 13 امیدوار ارکان کا بھی انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ قومی کونسل میں شامل کئے گئے اہم چہروں میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلبا تنظیم کے سابق صدر کنہیا کمار بھی شامل ہیں۔ 76 سالہ سدھاکر ریڈی لوک سبھا کے دو مرتبہ کے رکن ہیں اور انہیں 2012 میں پہلی مرتبہ پارٹی جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا تھا ۔ پارٹی کانگریس میں ملک کی سکیولر طاقتوں میں وسیع تر اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔