سدا رامیا کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی

دھوتی اور شیونگ کٹ کے سوا کچھ نہ ملا، قائدین پر الیکشن کمیشن کی نظر
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے کرناٹک میں بدعنوانیوں کو روکنے اور رائے دہندوں میں پیسے کی تقسیم پر قابو پانے کیلئے سخت قدم اٹھائے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں میں کرناٹک کے مختلف علاقوں میں بھاری رقم ضبط کی گئی۔ الیکشن کمیشن امیدواروں اور سیاسی قائدین پر ہی نہیں بلکہ چیف منسٹر سدا رامیا پر بھی سخت نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ سدا رامیا کو آج اس وقت عجیب صورتحال سے گزرنا پڑا جب بیجاپور میں الیکشن کمیشن کی ٹیم ان کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی کیلئے پہنچ گئی۔ سدا رامیا انتخابی مہم میں حصہ لینے جیسے ہی بیجا پور ضلع پہنچے ، الیکشن کمیشن کے عہدیدار ہیلی کاپٹر کی تلاشی لینے لگے۔ مکمل تلاشی کے دوران انہیں کوئی قابل اعتراض شئے یا رقم دستیاب نہیں ہوئی ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کو دھوتی کی ایک زائد جوڑی اور شیونگ کٹ ملا۔ وہاں موجود کانگریس قائدین اور کارکنوں نے چیف منسٹر کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی پر حیرت کا اظہار کیا۔ تاہم جب تلاشی میں دھوتی اور شیونگ کٹ کے سواء کچھ نہ ملا تو قائدین نے ریمارک کیا کہ کانگریس بدعنوانیوں کے ذریعہ الیکشن جیتنے پر یقین نہیں رکھتی۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی کئی خصوصی ٹیموں کو امیدواروں کے علاوہ اہم قائدین کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے معمور کیا گیا ہے۔ کرناٹک میں 12 مئی کو رائے دہی ہوگی۔