سدارامیا حکومت پر وزیراعظم کی تنقید ، کانگریس کا جوابی وار

بنگلورو ؍ داون گری ۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور کانگریس نے کرناٹک میں کرپشن کے سلسلہ میں ایک دوسرے پر تنقید کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سدارامیا حکومت کو ’’سیدھا روپیہ سرکار‘‘ قرار دیا جو صرف پیسے کیلئے جدوجہد کرتی ہے۔ کانگریس نے راست جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا تبصرہ پنجاب نیشنل بینک اسکام پر وزیراعظم کی خاموشی کے بعد پھٹ پڑنے کے مترادف ہے۔ رندیپ سرجے والا نے جو کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج ہیں، مودی سے سوال کیا کہ وہ مون (خاموش) مودی سے بول مودی بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور غریب عوام کے حال زار کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ایک انتخابی جلسہ سے داون گری میں خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا کہ کرناٹک کے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ سدارامیا سرکار ’’سیدھاروپیہ سرکار‘‘ ہے۔ یہ ہر کام صرف پیسے کے لئے کرتی ہے۔ وزیراعظم نے سدارامیا اور کانگریس دونوں پر کرپشن کے سلسلہ میں سخت تنقید کی تھی۔ جواب میں سرجے والا نے بنگلورو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ مون مودی اب بول مودی بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسہ کو لوٹنے کا کون ذمہ دار ہے۔ خاص طور پر ووٹ کون مانگ رہا ہے۔ کرناٹک کے حالیہ مودی کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 46 ماہ کے بعد ہندوستان کے وزیراعظم کو کرناٹک کا اور یہاں پھیلے ہوئے کرپشن کا خیال آیا ہے۔ انہیں کرپشن میں سابق بی جے پی حکومت کے کردار کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔