سخاوت کرنے والا اللہ تعالیٰ کا خاص محبوب بندہ

شہادت حضرت سیدنا عثمان غنی ؓ سے مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی کا خطاب
حیدرآباد۔/31اگسٹ، ( راست ) جامع مسجد درگاہ امر اللہ شاہ ؒ مغلپورہ میں شہادت عثمان غنی ؓ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسرار حسین رضوی المدنی نے کہا کہ حضرت عثمان غنی ؓ نے اپنی ساری دولت کو دین اور ملت کی نذر کردیا ۔ اگر کوئی شخص آپ کے سامنے اللہ کی راہ میں کچھ طلب کرتا تو آپ اپنی دولت، گھردار سب کچھ قربان کردیتے تھے۔ آپؓ کامل حیاء کے پابند تھے۔نوری مخلوق ہوں یا بشر کی مخلوق سب کامل حیاء کے پابند ہوکر آپؐ کی خدمت میں حاضر ہوتے تھے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کی صلاحیت کی اتنی تعریف فرماتے کہ صحابہ کرام ؓ آپ پر ناز کرتے تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کے نکاح میں دو صاحبزادیاں حضرت ام رقیہ ؓ ، حضرت ام کلثوم ؓ دیں۔ آپؐ کو ذوالنورین کہا جاتا ہے۔ حضرت عثمان غنی ؓ کے چند اقوال جو ہمارے لئے بہترین سبق ہیں،وہ عالم جو بے عمل ہوں، قرآن مجید خود پڑھنا اور دوسروں کو پڑھانا۔ بھوکوں کو کھانا کھلانا، ننگوں کو کپڑا پہنانا، ایسے شخص کی صحبت میں رہنا جس سے دین کی اصلاح ہو۔ اپنی زندگی یاد حق میں اور شریعت محمدیؐ پر عمل پیرا ہوں۔ حضرت عثمان غنیؓ کا فرمان ہے حرام لقمہ پیٹ میں جانے سے عبادتوں کا مزہ چلا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی اس پر لعنت برستی ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ عثمان اللہ کا وہ پیارا محبوب بندہ ہے جو بغیر حساب کتاب کے جنت میں جائے گا۔ ‘‘ مولانا اسرار حسین رضوی نے کہا کہ صحابہ کرام ؓ کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔ ہم ان کی سیرت مبارک کا مطالعہ کریں اور اس پر غور و فکر کریں اوراس پر عمل کریں۔ مولانا نے اپنے خطاب میں بہترین روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج مسلمان جو پریشانی کے عالم میں ہیں وہ حکم خداوندی ، شریعت مصطفی سے دوری اختیار کرنے سے ہے۔ والدین کی نافرمانیاں، چھوٹے بڑوں پر شفقت و مہربانیاں ختم ہوگئیں، اسلام کیا بتارہا ہے اس پر غور و فکر کریں۔مولانا سید شاہ لیاقت حسین رضو المدنی، مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی القادری نے بھی خطاب کیا۔ قرأت و نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ معین الدین آمری قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔