’’سب کا دل خوش ہوا‘‘ مزاح سے بھرپور ایک مکمل تفریحی فلم

یکم جنوری سے حیدرآباد کے علاوہ اضلاع مہاراشٹرا اور کرناٹک میں بھی ریلیز
حیدرآباد 27 ڈسمبر (ایم اے سلام) فلم ’’سب کا دل خوش ہوا‘‘ ایک دلچسپ موضوع پر بنائی گئی مزاح سے بھرپور صاف ستھری کامیڈی فلم ہے جسے تمام افراد خاندان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ بات فلم کے رائٹر ڈائرکٹر نعیم احمد نے بتائی۔ انھوں نے کہاکہ اس فلم میں تمام فنکاروں نے اپنی اداکاری سے شائقین فلم کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ فلم کے پروڈیوسر عبدالقدیر نے کہاکہ فلم کو دلچسپ اور خوبصورت انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے جس کی وجہ فلم کی کہانی اور اسکرپٹ حیدرآبادی فلموں کو ایک نیا انداز اور رجحان دے گی۔ یہ فلم نئے سال کے موقع پر یکم جنوری کو انکت موویز کے ذریعہ حیدرآباد کے مختلف سنیما گھروں کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع کرناٹک اور مہاراشٹرا میں بھی اسے یکساں طور پر ریلیز کیا جارہا ہے۔ فلم میں اکبر بن تبر، الطاف حیدر، پریتی نگم، ارشد نواب، افشاں، کامیڈین سبحانی (دیڑھ متوالے فیم) ، میرنیا، حاجی کمال، جمال، سعید بھائی، فاروق بھائی اور سیمی کے علاوہ نئے فنکار و فلم کے پروڈیوسر عبدالقدیر نے نگیٹیو ویلن کے رول میں غضب کی اداکاری کی ہے۔ موسیقی یو ایس چللم نے ترتیب دی ہے۔ سرتاج کی ایڈیٹنگ میں تیار کردہ اس فلم کی پروڈکشن ہیڈ ثناء شیخ نے پروڈیوسر عبدالقدیر اور ڈائرکٹر نعیم احمد نے نئے سال کے تحفہ کے طور پر ریلیز کی جانے والی اس فلم سے توقع ظاہر کی ہے کہ اپنے ٹائیٹل کے اعتبار سے یہ حیدرآبادی شائقین فلم کا دل خوش کردے گی۔