سبھی سے انصاف کرنے پولیس ملازمین کو مشورہ

سرپور ٹائون ۔ یکم نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹائون پولیس اسٹیشن میں 31 اکٹوبر کو یوم قومی یکجہتی پروگرام کے ضمن میں خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر سرپور ٹائون سب انسپکٹر آف پولیس راما رائو نے کہا کہ سب لوگوں کو آپس میں اتحاد کے ساتھ زندگی گزارنا چاہئے اور آپس میں بھائی چارگی کے ساتھ ایک دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کرنا چاہئے۔ اس موقع پر خصوصاً محکمہ پولیس میں ڈیوٹی انجام دے رہے پولیس ملازمین سے کہا کہ قومی یکجہتی کے ذریعہ تمام طبقہ اور تمام مذہب کے لوگوں کے ساتھ اچھا برتائو کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے نام کو روشن کرنے کا مشور دیا گیا اور بغیر بھید بھائو کے ڈیوٹی کو انجام دینے کا پولیس ملازمین کو مشورہ دیا گیا۔ بعدازاں سب انسپکٹر آف پولیس راما رائو اور پولیس نوجوانوں کی جانب سے تمام طبقہ کے لوگوں اور تمام مذاہب کے لوگوں کے ساتھ انصاف اور ایمانداری سے ڈیوٹی انجام دینے عہد کروایا گیا۔