سبھاش چندر بوس کی فائیل منظر عام پر لائی جائے

کولکتہ۔یکم جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال میں بائیں بازو محاذ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ نیتا جی سبھاش چندر بوس سے متعلق خفیہ فائیل منظر عام پر لائی جائے ۔23جنوری کو نیتا جی کی یوم پیدائش کے موقع پردیش پریم دیوس منانے کا اعلان کیا جائے ۔ وزیر اعظم کو موسومہ ایک مکتوب میں صدر نشین لیفٹ فرنٹ بیمن بوس نے وزیر اعظم سے کہا کہ نیتا جی سے متعلق تمام فائیلس پر سے راز کے پردے ہٹادیئے جائیں۔ وزیر اعظم کو روانہ ایک اور مکتوب میں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ 23جنوری کو دیش پریم دیوس ( یوم حب الوطنی ) کے طور پر منایا جائے جس دن سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش ہے ۔ مسٹر بیمن بوس نے بتایا کہ نیتا جی کی پراسرار گمشدگی ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔ جس کے بارے میں جانکاری کیلئے عوام میں تحسس پایا جاتا ہے۔ اگرچیکہ یہ مطالبہ پارلیمنٹ میں اٹھایا گیا ہے۔ سابق یو پی اے حکومت نے مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں شائع ان اطلاعات پر ہم فکرمند ہیں کہ وزیر اعظم کا دفتر، سابق حکومت کے اس موقف پر کاربند ہیں کہ خفیہ فائیلوں کا افشاء نہ کیا جائے جس کے پیش نظر لیفٹ فرنٹ کی جانب سے یہ گذارش کی جاتی ہے کہ اس معاملہ میں وزیر اعظم شخصی دلچسپی لیتے ہوئے سبھاش چندر بوس پر تجسس کو ختم کردیں۔