سبزیوں کو ہلکا سا تل کر استعمال کرنا صحت کیلئے زیادہ مفید

سبزیوں کواُبالنے کے بجائے تل کر کھانا زیادہ صحت بخش ہوتا ہے اور اس طرح کینسر کی روک تھام بھی ممکن ہوسکتی ہے ۔ یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے ۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اُبالنے کے مقابلے میں آلو اور دیگر سبزیوں کو زیتون کے تیل میں تلنا ان کے اندر صحت بخش اجزاء کو برقرار رکھتا ہے ۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ زیتوں کے تیل کی زیادہ مقدار میں سبزیوں کو تلنے سے ان میں اینٹی آکسائڈنٹس کی گنجائش اور کیمیکلزبڑھ  جاتے ہیں جو مختلف امراض جیسے کینسر ، ذیابیطس اور بینائی میں آنے والی کمی کی روک تھام کرسکتے ہیں ۔ اس تحقیق کے دوران محققین نے سبزیوں کو مختلف طرقوں جیسے تلنے ابالنے اور دیگر سے تیار کیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ تلنے سے سبزیوں میں فینولک کمپاونڈ کی سطح بڑھ جاتی ہے ۔ جو مختلف امراض کی روک تھام کرتی ہے ۔ محققین کا کہنا ہے کہ تیل کی حرارت سے فینولک کی سطح سبزیوں میں بڑھ جاتی ہے جبکہ ابالنے سے ایسا نہیں ہوتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سبزیاں تل کر استعمال کرنی چاہئے تاکہ اس کے صحت بخش اجزاء سے مستفید ہوں ۔