سبری مالا کو انتخابی موضو ع بنانا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: الیکشن کمیشن

نئی دہلی13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے کیرلامیں سیاسی جماعتوں کو آگاہ کیا ہے کہ سبری مالا مندر معاملے کو انتخابی تشہیر کا موضوع نہ بنائیں۔ حالانکہ بی جے پی نے اس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے اس ہدایت کو غیر منطقی بتایا ہے۔انتخاب کی تواریخ کا اعلان ہونے کے بعد کیرلا کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) ٹیکا رام مینا نے ترووننتاپورم میں میڈیا کو بتایا کہ سبری مالا مندر مسئلے پر مذہبی پرو پیگنڈہ مثالی ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہوگی۔انہوں نے کہا، ‘ مذہبی جذبات اکسانا، سپریم کورٹ کے فیصلے کا کسی طرح استعمال کرنا، مذہب کے نام پر ووٹ مانگنا یا مذہبی جذبات بھڑکانا مثالی ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہے۔سی ای او نے یہ بھی کہا کہ کمیشن ایسی کوئی خلاف ورزی نہیں کرنے دیگا جس سے کسی خاص سیاسی جماعت کو دوسرے جماعت کے مقابلے فائدہ ملے۔اس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری کے سریندرن نے کہا کہ سبری مالا مسئلے پر ریاستی حکومت کا رخ انتخابی موضوع ہوگا۔انہوں نے کوٹایم میں میڈیا سے کہا یہ 100 فیصد طے ہے کہ سبری مالا مسئلے پر ریاستی حکومت کے رخ پر انتخابات میں گفتگو ہوگی۔ کوئی بھی اس میں مداخلت نہیں کر سکتا۔ یہ کہنا بے تکا ہے کہ سبری مالا مسئلے پر انتخاب میں گفتگو نہیں کی جانی چاہیے۔ ادھر، سی ای او مینا نے میڈیا سے کہا، سبری مالا مسئلے پر مذہبی پروپیگنڈہ کرنا یا جذبات بھڑکانا مثالی ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک کیرل کا تعلق ہے تو یہ متنازع معاملہ ہے اور سیاسی جماعتوں کو ایک حد طے کرنے کی ضرورت ہے کہ کس حد تک اس کا استعمال کرنا ہے۔انہوں نے کہا، ‘ میں اس بارے میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس کر رہا ہوں اور میں ان سے ووٹ مانگنے کے لئے اس مذہبی جذبہ یا مذہبی روایتوں کا بیکار استعمال نہ کرنے کی گزارش کروںگا کیونکہ اس سے لوگوں کے لئے مذہبی کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔ مینا نے کہا کہ اگر یہ ہوتا ہے تو ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔بی جے پی رہنما سریندرن نے کہا کہ انتخاب اصولوں کے مطابق سبری مالا معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف کوئی نہیں بول سکتا اور انتخاب کے دوران دیگر مذہبوں کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔
بی جے پی نے سبری مالا مسئلے پر پہلے ہی اپنی امید ظاہر کر دی ہے۔ بی جے پی کا ماننا ہے کہ سبری مالا کی وجہ سے وہ اپنے کارکنوں کے درمیان رفتار پیدا کرنے میں اہل ہوئی ہے۔غور طلب ہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے 9مہینے پہلے میزورم کے گورنر کے طور پر تقرر بی جے پی کے سابق ریاستی صدر کم منم راج شیکھرن کو ریاست میں پارٹی کی قیادت کرنے کے لئے واپس بلا لیا ہے۔واضح ہو کہ 11 اپریل سے 2019 کے عام انتخابات کے لئے رائے دہندگی شروع ہوگی اور 23 مئی کو نتیجے سامنے آئیںگے۔ کیرل میں 23 اپریل کو انتخاب ہوگا۔